Thursday, August 28, 2025

CHILLAH HIZBUL BAHAR KE 12 KHWAB| روحانی واردات | SUFI IMRAN RAZVEE SB | IDARA ROOHANI IMDAD



 السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 

امید ہیکہ آپ سب حضرات خیر و عافیت سے ہونگے 

الحمد للہ! کل ۱۷ صفر المظفر بروز منگل کو ناچیز نے استاد محترم دام ظلہ علینا کے زیر سایہ دعاء حزب البحر شریف کا 12 روزہ عمل بارہ دن، روزے اور تہجد کی پابندی کے ساتھ 

اور ان ایام کے خالی اوقات میں 6 دن 111 بار درود تاج شریف اور اخیر کے 6 دن 211 بار درود تاج شریف کے التزام  اور کثرت استغفار کے ساتھ انجام پذیر ہوا ،فالحمد للہ علی ذلک 

اس دوران جو خواب آۓ وہ کچھ اس طرح سے تھے 

پہلا دن۔۔۔۔۔ میں نے یہ خواب دیکھا کہ میں اپنے کچھ احباب کے ہمراہ ماہرہرہ شریف گیا ہوں پھر وہاں میں ایک خانقاہ میں داخل ہوا تو دیکھا کہ ایک بہت ہی زبردست عالم دین ہیں جو اپنے سر پر عمامہ سجاۓ ایک ایسے طالب کو جس کی دستار ہونا ہے یا تو اسے بخاری شریف کا درس دے رہے ہیں یا بخاری کا امتحان لے رہے ہیں 

اس کے بعد ہم وہاں سے واپس آگیۓ 

پھر دیکھا کہ وہ عالم دین جنھیں ہم نے ماہرہرہ شریف میں دیکھا تھا وہ اور ان کے ساتھ دو علما ہمارے گھر تشریف لائے ہیں تو ہم نے ان علماء کو اپنے گھر میں ٹھرایا اور ان کی ضیافت کی 

پھر میں نے دیکھا کہ میری جشن عید میلاد النبی کے جلوس میں شرکت ہوئ، پھر میں ایک مدرسے میں داخل ہوا جہاں پر ایک طالب علم پڑھائ سے بھاگ رہا تھا میں نے اسے سمجھایا تو وہ راہ راست پر آگیا اور اسکے چہرے پر مسرت پیدا ہوگئ 

پھر میں نماز تہجد ادا کر کے لیٹا تو دیکھا کہ ایک شخص مجھے ایک بزرگ کی بارگاہ میں لے گیا جن کے پاس بہت سے مریض بیٹھے ہیں اور وہ بزرگ مجھ سے کہ رہے ہیں کہ ہماری نسوں میں جو خون جاری ہوتا ہے وہ دعاء حزب البحر شریف کی برکت سے ہے 

پھر دوباہ میری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا۔۔۔۔ بابو! دعاء حزب البحر کا عامل ہونا بہت بڑی سعادت کی بات ہے 


دوسرا دن۔۔۔۔۔۔ یہ دیکھا کہ کچھ ایسی جگہوں کی میں نے سیر کی جو میرے لئے نا معلوم تھیں اور پھر ان کے نام میرے ذہن سے محو ہوگۓ اس کے بعد میں نے کچھ ایسے علما کو دیکھا جو اہل سنت وجماعت کے مخالف تھے لیکن اپنی جماعت کے وہ بڑے علما تھے کہ وہ اہل سنت وجماعت کے عقائد ومعمولات کے موافق گفتگو کر رہے ہیں اور دوران گفتگو تین ایسی کتابوں کا نام لے رہے  ہیں جن میں آقا علیہ السلام کی ویسی ہی شان بیان کی گئ ہے جو ہم اہل سنت وجماعت کا عقیدہ و موقف ہے

اس کے بعد میں نے اپنے یعنی اہل سنت وجماعت کے عظیم علما کو دیکھا مثلا شارح بخاری علامہ عاقل رضوی صاحب پرنسپل منظر اسلام بریلی شریف کو دیکھا جو کئ ایسی کتابیں دکھا رہے ہیں جن سے مخالفین کو زیر کیا جا سکتا ہے ان میں سے ایک کتاب کا نام مجھے یاد رہ گیا اس کا نام ( الندی ) تھا انھیں کے ساتھ پیر اجمل قادری پاکستانی، علامہ ثاقب رضا مصطفائی اور ان کے علاوہ کئ ایسے علما کی زیارت کی جن کے ناموں سے میں واقف نہیں تھا 

پھر دیکھا کہ ہم نے ایک صاحب کے گھر پر کھانا کھایا ان کے والد سے پہلے با شرع نہیں تھے لیکن اب اتنے باشرع ہوگۓ ہیں کہ بالکل سنت رسول کے مطابق ہر کام کر رہے ہیں تو میں ان سے کہ رہا ہوں کہ ما شاء اللہ آپنے تو اپنے گھر کا ماحول بالکل ہی بدل دیا ہے 


تیسرا دن۔۔۔۔۔۔ پہلے میں نے دیکھا کہ میں اپنے مدرسے میں طلبہ کو درس دے رہا ہوں 

اس کے بعد کچھ ایسے بزرگوں کو دیکھا جو ایک اور بزرگ کا چرچا کر رہے تھے 

پھر تھوڑی دیر بعد ایک بزرگ کو دیکھا جو دراز گیسو، بارعب چہرے والے، اور لنگی  کرتے میں ملبوس تھے اور اپنے ہاتھ میں ایک تسبیح لپیٹے میانہ چال سے سیدھے چلے جا رہے تھے 

اس کے بعد میں نے دیکھا کہ میں ایک ایسے راستے سے گزر رہا ہوں جس کے دونوں طرف ہرے بھرے باغات ہیں اور وہاں ایک ایسا آدمی ہے جو پکا ہوا آم کھا رہا ہے

پھر میں نے ایک ایسے سبز و شاداب جنگل کی سیر کی جسمیں مختلف الانواع پیڑ پودے اور پھولوں کے درخت ہیں جن کا نظارہ نہایت دلکش تھا 

چوتھا دن ۔۔۔۔۔۔ پہلے میں نے دیکھا کہ میں ایک ٹرین میں سفر کر رہا ہوں پھر میں نے اپنے ایک استاد صاحب اور ان کے ہمراہ ایک حافظ صاحب کو دیکھا جو مجھ سے ایک تعویذ لکھنے کا مطالبہ کر رہے ہیں 

پھر میں نے اپنے گاؤں کی ایک نہایت اہل ثروت فیملی کو دیکھا جو مجھ سے بڑی عزت کے ساتھ مل رہی ہے 


پانچواں دن۔۔۔۔۔ سب سے پہلے میں نے یہ خواب دیکھا کہ میں ایک مسجد میں ہوں جسمیں دو بزرگ ہیں جن میں سے ایک قاری صاحب ہیں اور دوسرے حکیم و طبیب ہیں ان دونوں میں قرآن کے کسی لفظ یا کسی مسئلے کو لیکر مباحثہ ہو گیا تو انھوں نے اطمنان قلب کے لۓ اس سے متعلق مجھ سے پوچھا تو میں انہیں جواب دیا تو ان میں جو قاری صاحب تھے وہ حکیم صاحب کی طرف دیکھ کر مسکراۓ اور دونوں میرے جواب سے مطمئن ہوگۓ 

اسکے  بعد میں اپنے  دو ایسے ساتھیوں کو دیکھا جو دونوں زبردست اور با عمل علما ہیں ان سے ملاقات ہوئ مصافحہ اور معانقہ ہو ا اور بڑی مسرتوں کا اظہار ہوا

پھر میں نے ایک بڑی سی جگہ دیکھی جہاں پر مخصوص قسم کے لوگ مخصوص وضع قطع میں تھے جیسے کسی خاص سلسلے کے لوگوں کا مخصوص لباس اور خاص وضع قطع ہوتی ہے اور وہ بہت سارے مردو خواتین کو ایک خاص قسم کا کھانا کھلا رہے تھے

پھر میں نے الگ الگ سلسلوں کے بہت سے علماء کو دیکھا جو عمدہ پوشاکوں میں ملبوس ہیں اور کہیں جانے کی تیاری میں ہیں اور میں بھی ایک عمدہ اور قیمتی لباس پہنے ان کے ساتھ میں ہوں اور سبھی مجھ سے بڑی محبت اور تکریم سے پیش آرہے ہیں 


چھٹا دن ۔۔۔۔۔۔ پہلے میں نے دیکھا کہ میں اہلسنت کے ایک عظیم ادارے میں موجود ہوں 

پھر اس کے بعد ایک دوسرے ادارے میں داخل ہوگیا جہاں پر میں نے بزرگوں کی ایک ایسی عظیم جماعت دیکھی جس جماعت میں سارے بزرگ ایک ہی کلر کے لباس میں ملبوس تھے پھر وہ سارے بزرگ اکٹھا ایک بڑے سے ہال میں جمع ہوگئے اور قوم و ملت کی فلاح و بہبود کیلئے مشورے کرنے لگے

اور پھر اسی ادارے سے الگ الگ علاقوں میں علما کی جگہیں لگوائ جا رہی ہیں 

اسکے بعد مسجد نبوی شریف کے مؤذن صاحب کو دیکھاجو اپنے عربی لباس میں ملبوس ایک دینی پروگرام میں میں کرسی پر جلوہ گر ہیں اور میں ان کے قریب نیچے بیٹھا ہوں میری زبان سے عربی کا ایک لفظ نکلا ۔۔ قربۃ۔۔ تو انھوں نے از راہ شفقت مجھ سے مسکراتے ہوئے عربی زبان میں کہا "" ما معنی القربۃ"" تو میں انھیں عربی میں جواب دیا " معناھا اقتراب"  اسکے بعد اور بھی ان سے عربی میں گفتگو کی پھر پہر دیکھا میں ان کے ساتھ کہیں جا رہا ہوں تو راستے میں ایک پروگرام ہو رہا ہے جسمیں ایک نعت خواں خوبصورت انداز میں نعت پڑھ رہا جسے لوگ خوب انعام سے نواز رہے ہیں 

پھر میں نے اپنے آپ کو سورۂ یسن یا اسکے علاوہ قرآن کی مختلف سورتوں کی تلاوت کرتے ہوئے دیکھا اور دیکھا کہ میں سبزو شاداب کناروں والے ایسے راستے پر چل رہا ہوں جو عام سطح زمین سے کافی اونچا ہے نہایت صاف و شفاف ہے

پھر میں نے اپنے علاقے کے ایک عظیم عالم دین کو دیکھا جو باعمل ہیں ایک مسجد کے امام ،ایک دار العلوم کے استاد ، اور ایک دار الافتا کے مفتی ہیں 

ان کے علاوہ کئ اور علما سے ملاقات ہوئ جن میں کچھ  آشنا اور کچھ نا آشنا تھے

پھر دیکھا کہ ایک راستہ پہلے سے موجود ہے لیکن ایک بزرگ کی نگرانی میں اسکو کھود کر  اونچا کیا جا رہا ہے اور اسکی توسیع کی جا رہی ہے

اسکے علاوہ میں نے دیکھا کہ میں استغفار کر رہا ہوں اور ( استغفراللہ الذی لا الہ الا ھو الحی القیوم ) پڑھ رہا ہوں


ساتواں دن۔۔۔۔۔۔  سب سے پہلے میں نے یہ خواب دیکھا کہ آسمان سے دھار کی شکل میں کچھ انڈیلا یعنی گرایا جا رہا ہے اور میں اپنی بیوی کے ہمراہ اسے اپنی بالٹی میں لے رہا ہوں 

اسکے بعد میں نے دیکھا کہ میں حضرت سید بدیع الدین احمد زندہ شاہ مدار رضی اللہ تعالی عنہ کے عرس پاک میں شریک ہوں وہاں مجھے میرے کچھ عزیز شاگردوں کے ذریعے ایک خاص جگہ ٹھرایا گیا ہے جہاں پر میری بہت سے علما مثلا حضرت مولانا شکیل بلند شہری جو ایک مبلغ اسلام ہیں اور حضرت مولانا مظفر مصباحی اور انکے علاوہ دیگر علماء و مشائخ مثلا حضرت مولانا سید منور علی صاحب، حضرت حافظ سید ازبر علی صاحب، اور حضرت مولانا قاضی سید توثیق صاحب اور دیگر ایسے کثیر علماء و مشائخ سے ملاقات ہوئ جن کے ناموں سے میں واقف نہیں تھا سب مجھ نہایت ہی خندہ پیشانی سے مل رہے تھے اور ان میں سے کچھ نے مجھ سے مصافحہ و معانقہ بھی کیا 

اسکے بعد قاضی توثیق صاحب نے مجھ سے کوئ مسئلہ پوچھا تو میں نے اور دیگر علما نے انھیں اس کا جواب دیا

اسکے بعد ہاتھوں میں مائک لیۓ ہوۓ میرے کچھ شاگرد نظر آۓ جو مجھ سے یہ گزارش کر رہے تھے کہ حضرت آپ حضرت مدار پاک کے تعلق سے کچھ بول دیجئے ہم ریکارڈ کر رہے ہیں 

تو میں نے حضرت مدار پاک رضی اللہ تعالی عنہ کی کچھ شان بیان کی اور میں نے کہا کہ حضرت کا ایک وصف خاص یہ بھی تھا کہ حضرت نے اپنی زندگی کا اکثر زمانہ روزے کی حالت گزارا ہے

ان بچوں نے میری بات رکارڈ کرلی اور خوشی کا اظہار فرمایا 

پھر میں نے عرس میں اپنے آس پاس ایسے طلبہ کو گھومتے دیکھا جن کی دستار بندی ہونے والی تھی

اسکے بعد میں وہاں سے آگیا راستے میں ایک ایسے گارڈن میں گھوما جس کے اندر بہت زیادہ ہریالی تھی 

پھر سواری کے انتظار میں کھڑا تھا کہ میرے ایک مقتدی سید ساجد میاں صاحب نظر آۓ اور کہنے لگے کہ حضرت آیۓ میں آپکو چھوڑ دوں گا پھر میں انکے ساتھ سوار ہوگیا 

اسکے بعد میں نے دیکھا کہ میں استاد محترم، نمونہ اسلاف حضرت علامہ محمد احمد مصباحی صاحب، سابق پرنسپل جامعہ اشرفیہ مبارک پور کی بارگاہ عالی میں موجود ہوں حضرت جلوہ گر ہیں میرے علاوہ اور بھی کئ علماء وہاں موجود ہیں حضرت بڑے خوش نظر آرہے ہیں میں اور دیگر علماء ادبا حضرت سے تھوڑے دور بیٹھے ہیں تو حضرت ہمیں اصرار کرکے اپنے بالکل قریب بلا رہے ہیں اور ارشاد فرما رہے ہیں کہ یہاں بیٹھو میرے بالکل پاس تو میں حضرت کے بالکل قریب میں بیٹھ گیا

آٹھواں دن۔۔۔۔۔۔ سب سے پہلے میں نے سلسلۂ قادریہ ،قدیریۃ کے ایک ایک ایسے نورانی چہرے والے بزرگ کو دیکھا جو سیاہ لباس میں ملبوس، دوزانو خاموش بیٹھے ہیں اور ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جہاں وہ بزرگ تشریف فرما ہیں وہ جگہ قطب پیلی بھیت حضرت حاجی شاہ جی محمد شیر میں رحمۃ اللہ کا مزار مبارک ہے

اس کے بعد دیکھا کہ میں ایک ایسے کمرے میں ہوں جس کے بغل میں ایک مسجد ہے اور اسکے دروازے کے سامنے ایک مزار ہے اور میں اس کمرے میں ان صاحب مزار کی موجودگی میں دو ایسے بھائیوں کو جو نا بینا ہیں علم نحو کی ایک کتاب سمجھا رہا ہوں

اس کے بعد میں نے دیکھا کہ میں ایک ایسی جگہ موجود جہاں میرے سامنے کچھ اونچائ پر مسجد علی کے نام سے ایک  عالیشان مسجد موجود ہے اور اس مسجد کے سائڈ میں جہاں پر میں کھڑا ہو وہاں ایک پروگرام ہو رہا ہےجس میں ایک وجیہ و شکیل ،تندرست و توانا خطیب خطاب کیلئے کھڑے ہیں اور وہ یہ کہ رہے ہیں کہ گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں ہے ،ہم پیدا ہی اس لیۓ ہوۓ ہیں یہ ہمارا اتراکھنڈ میں پچپن واں پروگرام ہے

اس کے بعد میں نے دیکھا ماہ رمضان شریف ختم ہوچکا ہے لوگ عید الفطر کا جشن منا رہے ہیں اور میں ایک چوراہے پر کھڑا ہوں اور لوگوں کی چہل پہل اور انھیں عید کی خوشیاں مناتے دیکھ رہا ہوں

پھر میں نے دیکھا کہ میں  حضرت مولانا دانش رضا مصباحی کے ہمراہ چل رہا ہوں اور میں ان سے کہ رہا ہوں کہ ابھی تک روزے چل رہے تھے اچھا لگ رہا تھا اب روزے ختم ہوگۓ اب صبح کو کھاتے پیتے اور ناشتہ مانگتے اچھا نہیں لگے گا ایک دم کھانے پینے کی عادت نہیں پڑے گی اور وہ میری باتوں کی تصدیق کرتے میرے ساتھ چل رہے ہیں پھر ہم دونوں گفتگو کرتے کرتے ایک بڑے دریا کے قریب آگیۓ جس میں صاف و شفاف پانی بہ رہا ہے اور دریا کے پل کے سائڈ میں چھوٹی چھوٹی ریلنگ لگی ہوئ جسمیں تالا لگا ہوا ہے تو ہم اس کے اوپر چڑھ کر  اور کود کر اس ریلنگ کے اندر داخل ہو گئے اور دیکھا کہ وہاں بھی چھوٹی چھوٹی نالیاں ہیں جن میں بالکل صاف ستھرا پانی بہ رہا ہے اور بھی کئ سارے لوگ وہاں آگیۓ ہم نے اس پانی سے وضو کیا اور عصر کی نماز ادا کی وہاں پر ایک مدرسہ بھی دیکھا جسمیں کچھ نو عمر طلبہ زیر تعلیم تھے



نواں دن ۔۔۔۔۔۔۔ سب سے پہلے میں نے ایسے دو حافظ قرآن بھائیوں کو دیکھا جو گھوڑا تانگہ چلا کر لے جا رہے جس میں کچھ سامان لدا ہوا ہے انھوں نے اسی گھوڑا تانگے میں مجھے بھی اپنے ساتھ سوار کرلیا اور میری منزل پر مجھے پہونچا دیا

اس کے بعد میں نے ایک مسجد میں نماز ادا کی 

پھر دیکھا کہ کچھ لوگ مُجھے اپنے ہمراہ دوسرے ملک لے گیۓ اور روزہ افطار کراکے واپس انڈیا لے آۓ

اس کے بعد دیکھا کہ میں ایک نوجوان عالم دین کے ساتھ ہوں اور ہم دونوں ایک ایسی اونچی جگہ پر کھڑے ہوۓ ہیں جس کے چاروں طرف ہریالی ہے اور معاشرے میں اپنی اپنی برادریوں کو لیکر جو بہت زیادہ تعصب ہے ہم اس کو لیکر تبادلہ خیال کر رہے ہیں 

اس کے بعد میں نے دیکھا ایک ہوائ جہاز اڑ رہا ہے اور وہ اندر بھرا ہوا ہے تو کچھ لوگ رسوں کے ذریعے اس سے لٹکے ہوے ہیں اور چپکے ہوۓ ہیں پھر دیکھا کہ بہت سے لوگ میرے سامنے بیٹھے ہیں اور میں انہیں حدیث کی کسی بڑی کتاب سے حدیثیں پڑھ پڑھ کر سنا رہا ہوں اور درس دے رہا ہوں


دسواں دن۔۔۔۔۔۔۔ سب سے پہلے میں نے دیکھا کہ میں بہت ہی زیادہ شوق اور لگن کے ساتھ دعاء حزب البحر شریف کی تلاوت کر رہا ہوں تو کسی آنے والے نے مجھ سے کہا کہ حجۃ الاسلام امام غزالی رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے تمہیں کہا ہے کہ تم اس دعا کی تلاوت کرتے رہو 

یا آنے والے نے یہ لفظ بولا کہ حجۃ الاسلام امام غزالی کا تمہارے لئے ارشاد ہیکہ تم اس دعا کی تلاوت کرتے رہو 

اس کے بعد دیکھا کہ میں ایک مسجد کا امام ہوں اور نماز پڑھا رہا ہوں پھر دیکھا کہ ایک دوسری مسجد میں اس مسجد کے امام صاحب کی اقتدا میں نماز پڑھنے کیلئے گیا ہوں پھر ایک بہت بڑی چھت دیکھی جسکے نیچے چھوٹے چھوٹے بہت سے کمرے بنے ہوۓ ہیں اور ان میں بہت سے لوگ رہتے ہیں انھیں لوگوں میں سے ایک خاتون ہیں جو مدینہ شریف جانے کیلئے اپنے گھر والوں سے رخصت ہو رہی ہیں 

اسکے بعد میں نے دیکھا کہ میں نے اپنے پھوپھی زادے بھائ سے فون کرکے پتہ کیا کہ آپ کہاں ہو انھوں نے جواب دیا کہ میں فلاں جگہ مزار پر ہوں پھر تھوڑی دیر بعد وہ میرے پاس آگیۓ اور آکر بولے ایک راستے کی طرف اشارہ کر کے کہ اس راستے پر دن میں ہی شیر گھیر لیتا ہے 

میں نے ان کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ،لیکن ہمارے یہاں تو شیر مسخر ہے، یعنی تابع فرمان ہے پھر میں نے انھیں درمیانہ سائز کا ایک شیر کا بچہ دکھایا جو میرے گھر کے قریب راستے کے کنارے کھونٹے سے بندھا ہوا تھا اور مسخر و مانوس تھا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 


گیارھواں دن۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سب سے پہلے میں نے یہ خواب دیکھا کہ میں ایک مدرسے میں پڑھا رہا ہوں اور وہاں کی پڑھائ کا نظام میں نے بہت اچھا بنا دیا ہے اور میں یہ بات کہ رہا ہوں کہ آئندہ سال یہاں اور آگے کی پڑھائ ہوگی چاہے مجھے اکیلے ہی کیوں نا پڑھانا پڑے، پھر میں نے وہاں اور علما بھی دیکھے جو دین کے کاموں میں اور طلبہ کی خدمت میں لگے ہوئے تھے اسکے بعد میں نے اپنے آپکو قرآن شریف کی تلاوت کرتے ہوئے دیکھا پھر دیکھا کہ میری پہچان کے لوگوں میں ایک حاجی ظفر صاحب ہیں جو میرے پاس آۓ ہیں اور یہ بات بول رہے ہیں " کہ جو ایسے علماء کی مخالفت کرےگا جو علماء دین کا کام کر رہے ہیں تو اللہ اسے برباد کر دے گا 

(اور اس بات کو بولتے وقت ایسے  علماء  سے ان کا اشارہ میری طرف تھا ) 

پھر میں نے دیکھا کہ میں بیرونی ملک میں ہوں جہاں پر میری بہت سے لوگوں سے ملاقات بھی ہوئی ہے ،پھر دیکھا کہ میں ایک جگہ ہوں جہاں کپڑے کے رومال سے کوئ چیز ڈھکی ہوئ ہے میں نے اسے ہٹایا تو دیکھا کہ اسکے نیچے طرح طرح کے ایسے فروٹس، یعنی پھل ہیں جو اس سے پہلے نا تو میں نے کبھی دیکھے تھے اور نا ہی کھاۓ تھے ،تو میں انھیں کھانے لگا وہ بڑے ذائقے دار فروٹس تھے میں سارے کھا گیا 


بارھواں دن۔۔۔۔۔۔۔۔ میں نے دیکھا کہ ایک مدرسے میں ہوں جہاں پر بہت سے طلبہ کتھئ کلر کے جبوں میں ملبوس ہیں اور صلوۃ و سلام پڑھنے کیلئے لائن لگاۓ ہوۓ اور سلام پڑھ رہے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 

اس طرح اللہ کے فضل اور استاد محترم کی دعاؤں اور فیضان کے سہارے بارہ روز مکمل ہوگۓ الحمد للہ علی ذلک 

اللہ میرے استاد مکرم کو عمر خضر عطا فرمائے 


Featured Post

AL AUFAAQ (Vol-14) الاوفاق

Book Your Copy Now +91-9883021668