Reward for saying "Ma Sha'Allah"

   مَا شَاءَ اللہُ کَانَ کہنے پر انعام

    حضرت سیِّدُنا ابو بَکْر بن زَیَّات رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے منقول ہے کہ''ایک شخص حضرت سیِّدُنا مَعْرُوف کَرْخِی علیہ رحمۃ اللہ القوی کی خدمت میں حاضر ہوا اورکہا: ''حضور!آج صبح ہمارے ہاں بچے کی ولادت ہوئی ، میں سب سے پہلے آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے پاس یہ خبر لے کر آیا ہوں تاکہ آپ کی برکت سے ہمارے گھرمیں خیر نازل ہو ۔'' حضرت سیِّدُنا مَعْرُوف کَرْخِی علیہ رحمۃ اللہ القوی نے فرمایا: ''اللہ عَزَّوَجَلَّ تمہیں اپنے حفظ وامان میں رکھے ۔یہاں بیٹھ جاؤ اورسو مرتبہ یہ الفاظ کہو:''مَا شَاءَ اللہُ کَانَ یعنی اللہ عَزَّوَجَلَّ نے جو چاہا وہی ہوا۔ ''اس نے سو مرتبہ یہ الفاظ دہرائے ۔آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:'' دوبارہ یہی الفاظ کہو ۔'' اس نے سو مرتبہ پھر وہی الفاظ دہرائے ۔آپ نے فرمایا:''پھر وہی الفاظ دہراؤ۔'' اس طرح پانچ مرتبہ اس کو حکم دیا ۔ چنانچہ، اس نے پانچ سو مرتبہ وہ الفاظ دہرائے۔ اتنے میں وزیر کی والدہ اُمِّ جَعْفَر کا خادم ایک خط اورتھیلی لے کر حاضر ہوا اورکہا: ''اے مَعْرُوف کَرْخِی علیہ رحمۃ اللہ القوی! اُمِّ جَعْفَر آپ کو سلام کہتی ہے ، اس نے یہ تھیلی آپ کی خدمت میں بھجوائی ہے اورکہا ہے کہ غرباء و مساکین میں یہ رقم تقسیم فرما دیں۔''

    یہ سن کر آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے قاصد سے فرمایا:'' رقم کی تھیلی اس شخص کو دے دو، اس کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی ہے۔ ' ' قاصد نے کہا :'' یہ پانچ سو (500)درہم ہیں،کیا سب اسے دے دوں ؟'' فرمایا:''ہاں !ساری رقم اسے دے دو۔اس نے پانچ سو مرتبہ ''مَا شَاءَ اللہُ کَانَ'' کہا تھا۔''پھراس شخص کی طرف متوجہ ہوئے اورفرمایا'': یہ پانچ سو درہم تمہیں مُبَارَک ہوں، اگر اس سے زیادہ مرتبہ کہتے تو ہم بھی اتنی ہی مقدار مزید بڑھا دیتے ۔جاؤ !یہ رقم اپنے اہل وعیال پر خرچ کرو۔''

Popular posts from this blog

ADAD NIKALNE KA TARIQA اعداد نکالنے کا طریقہ (Method Of Reckoning Number By Abjad )

Asmaye Baari Ta'ala Ke Mujarrab Amaliyat اسمائے باری تعالی کے مجرب عملیات (The Names Of Allah And Their Beneficial Remedy )